سو را با یا 31 ڈسمبر ( ایجنسیز) انڈونیشیا کے حکام نے کہا ہے کہ 3 روز قبل سنگاپور جاتے ہوئے دورانِ پرواز لاپتہ ہونے والے نجی فضائی کمپنی ایئر ایشیا کے مسافر بردار طیارے کا ملبہ مل گیا ہے جس کے بعد اس سے 3 لاشوں کو نکال لیا گیا ہے۔ انڈونیشیا کی نیشنل سرچ اینڈ سیکیورٹی ایجنسی کے سربراہ بمبانگ سوئلستیو کی پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ لاپتہ مسافر طیارے کی تلاش کرنے والی ٹیم کے طیاروں کو انڈونیشیا کے جزیرے بورنیو کے قریب بحیرۂ جاوا میں کئی اشیا تیرتی ہوئی نظر آئی ہیں جو ممکنہ طور پر ایئر ایشیا کے مسافر طیارے کی
ہوسکتی ہیں جبکہ یہ جگہ اس علاقے کے قریب ہے جہاں طیارے کا رابطہ منقطع ہوا تھا۔ دوسری جانب انڈونیشیا کے شہری ہوابازی کے سربراہ جوکو مرجاتموجو کا کہنا تھا کہ جہاز کا دروازہ اور کارگو دروازہ مل گیا ہے جس کے بعد ابھی صرف اس بات کی تصدیق کی جاسکتی ہے کہ ان کا تعلق ایئرایشیا کے جہاز سے ہے۔
واضح رہے کہ ملائیشیا کی نجی فضائی کمپنی ایئر ایشیا کا طیارہ انڈونیشیا کے جزیرے جاوا سے سنگاپور جاتے ہوئے بحیرۂ جاوا کے اوپر لاپتہ ہو گیا تھا، جس میں عملے کے ارکان سمیت 162 افراد سوار تھے۔